اپوزیشن کوئی غیر آئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائیگا ،نوازشریف

اسلام آباد(قوم انٹرنیشنل)مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے دو ٹوک موقف اپنایا ہے کہ اپوزیشن کوئی غیر آئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائیگا ،آئین کے دائرے اور ایک ہی روز انتخابات کے امور پر ہی مشاورت اور مذاکرات ہونگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے اہم رکن اسحاق ڈار نے پارٹی قائد نواز شریف ،وزیر اعظم شہباز شریف کو اپوزیشن کے ساتھ ہونے والی ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کر دیا جبکہ نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو لمحہ با لمحہ مذاکرات سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی ،مذاکراتی ٹیم میں شامل پیپلز پارٹی کے رکن یوسف رضا گیلانی نے بھی اپنی پارٹی قیادت کو پہلے دور کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی صرف راہ ہموار کرے گی، کوئی بھی حتمی فیصلہ مرکزی قیادت ہی کرے گی،پی ٹی آئی اور حکومتی اتحادی کمیٹیاں اپنی سفارشات کو قیادت کیساتھ مشاورت کے بعد ہی حتمی شکل دیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مذاکرات کے تمام امور پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ پی ڈی ایم ہمارے ساتھ تھے، ہیں ہم ساتھ چلیں گے، ان کا موقف قابل احترام، انہیں مکمل آگاہ رکھا جائے،ذرائع کے مطابق مذاکراتی معاملات سے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کو بھی آگاہی فراہم کی جارہی ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ابتدائی مذاکرات بارے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی تفصیلاً آگاہ کیا، نواز شریف نے واضح کیا کہ آئین کے دائرے اور ایک ہی روز انتخابات کے امور پر ہی مشاورت اور مذاکرات ہونگے، اپوزیشن کا کوئی غیر آئینی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں