اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹرکے شہدا کے خلاف مہم ،سائفر کاجھوٹ گھڑا اور قومی سلامتی کمیٹی کے ذریعے اسے سچ بنانے کی سازش کا مذموم اور گندا کھیل عمران خان نیازی تم نے کھیلا تھا۔جمعہ کوعمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیف جسٹس کی تصویر پے جوتے،نیوٹرل اسٹیبلشمنٹ جانور ، اوئے زیبا جج، ٹیرین کے ابو، آئین شکن، فارن ایجنٹ، گھڑی چور نااہل اب صرف تم ہوگے۔دریں اثناءاپنے ایک بیان میںوفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب الیکشن کے حوالے سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے گئے، انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی اطلاعات جھوٹ اور پروپیگنڈا ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق پارٹی قیادت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ یہ اطلاعات من گھڑت اور محض قیاس آرائیاں ہیں۔ حکومت میں شامل تمام جماعتیں ایک ہی دن ملک بھر میں الیکشن کی حامی ہیں۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ ایسی خبر نشر کرنے سے پہلے ترجمان سے تصدیق کرلے۔انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ ، فتنے فساد، آئین شکن ،گھڑی چور کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔







