اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل اکنامک ڈپلومیسی ڈویژن عاصمہ ربانی کے ساتھ ملاقات کی اور پاکستانی فارن میشنز کے تعاون سے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اکنامک ڈپلومیسی ڈویژن کے ڈائریکٹر بلال اکرم شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر حرا فاطمہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت بہتر کرنے کیلئے اس وقت برآمدات کو ہنگامی بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ غیر ممالک میں پاکستان کے سفارتخانے تاجر برادری کو برآمدات کے فروغ میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر اپنے ملک کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کیلئے بہت متحرک ہیں لہذا ہمارے سفراء کو بھی اسی طرح محنت کرنا ہو گی تا کہ نئی مارکیٹیں تلاش کر کے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر سیاحت کو فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے جبکہ افریقہ کی مارکیٹ میں پاکستان کیلئے کاروبار کے مواقعوں کو اجاگر کرنے کیلئے افریقہ ڈے منانا چاہتا ہے لہذا وزارت خارجہ اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے چیمبرز آف کامرس اور پاکستان کے فارن مشنز کے درمیان قریبی روابط قائم کرنے کیلئے بھی مفید تجاویز دیں تا کہ مل جل کر پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل اکنامک ڈپلومیسی ڈویژن عاصمہ ربانی نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے معیشت کی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کی بہتری کیلئے عالمی مارکیٹ کو بہتر طور پر سمجھنا بہت ضروری ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی کیلئے تاجر برادری کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت پاکستان کے سفارتخانوں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گی اور دونوں کے درمیان قریبی روابط کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی تا کہ مشترکہ طور پر پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کو بہتر فروغ دیا جائے۔ انہوں نے وزارت خارجہ، وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ اور آئی سی سی آئی کے درمیان مضبوط روابط کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جس سے پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے مثبت پیش رفت کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر افریقہ، سنٹرل ایشیاء اور دیگر مارکیٹوں میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے اور نئی مارکیٹوں کی نشاندہی کرنے کیلئے جامع تجاویز تیار کر کے دے جن پر عمل درآمد کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان پراڈیکٹ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے کر اپنی برآمدات کو بہتر کر سکتا ہے لہذا وزارت خارجہ اس سلسلے میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے اٹلی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کی زیتون کے تیل کی تجارت کو بہتر کرنے اور پاکستان کی پام آئیل کی ضرورریات کو پورا کرنے کے بارے میں مختلف تجاویز دیں۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا پاکستان کے فارن میشنز کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے ممالک کی درآمدات کی لسٹ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شیئر کریں تا کہ نجی شعبہ یہ جان سکے کہ غیر ممالک میں پاکستان کی کون سی مصنوعات کی زیادہ مانگ کے امکانات ہیں جس سے برآمدات کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔چیمبر کے سابق صدر اور یوبی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے پڑوسی ممالک جن میں افغانستان، ایران اور چین شامل ہیں،کے علاوہ افریقہ کے پورے براعظم پر توجہ مرکوز کر کے ہم برآمدات کو چند سالوں میں دگنا کر سکتے ہیں۔







