اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ متعلقہ حکام کو بحران کے خاتمے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہبازشریف نے امیر مقام کی جانب سے خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران پر دلائی جانے والی توجہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات اور فوری طور پر بحران کے خاتمہ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے مشیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن ) خیبرپختونخوا انجینئرامیرمقام نے خیبرپختونخوا میں آٹے بحران کے بارے میں ازبکستان سے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کو صوبہ میں آٹے بحران بارے عوام میں پائے جانے والے تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور فوری طور پر بحران کے خاتمے کیلئے حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کے ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبے یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی مشکل ہماری مشکل ہے۔







