فوج تنصیبات اور سلامتی کو پامال کرنےکی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی، آرمی چیف

راولپنڈی(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ امن واستحکام کےعمل کو خراب کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی،افواج تنصیبات کےتقدس اورسلامتی کوپامال کرنےیاتوڑ پھوڑکی مزید کسی کوشش کوبرداشت نہیں کرےگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ قابلیت، کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکور کے افسران سے بھی خطاب کیا اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پرزوردیا، انہوں نے معلومات کی جنگ کے چیلنجوں اورغلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

جاری بیان کے مطابق انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لیے بدنیتی سے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’’ہم امن و استحکام کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس عمل کو خراب کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی‘‘۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیرنے کہا کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کے تقدس اور سلامتی کو پامال کرنے یا توڑ پھوڑ کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی اور 9 مئی کے یوم سیاہ پر توڑ پھوڑ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا ہے۔قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں