کتنے مجرموں کو ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کہتے ہیں؟مریم نواز نے چیف جسٹس پر سوالات کی بوچھاڑ کردی

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال سے سوالات پوچھ لیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے چیف جسٹس کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے لکھا کہ اربوں کے ڈاکے ڈالنے والے کتنے مجرموں کو آپ گڈ ٹو سی یو کہتے ہیں؟ ہر ایک کو رجسٹرار سے فون کروا کر مرسیڈیز بھی منگوا کر رخصت کرتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو جیل سے ریسٹ ہاؤس بھی شفٹ کرتے ہیں؟ سب پر اسی طرح ریمانڈ میں ضمانتوں کی برسات کرتے ہیں؟ سب کو کہتے ہیں دس فیملی میمبرز کو بلائیں، گپیں لگائیں اور سو جائیں؟

اپنے ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ دیکھا سنا اور پڑھا تو یہ تھا کہ سیاسی لیڈران اور کارکنان گھبراتے نہیں، نظریے کے لیے بہادری سے گرفتاریاں پیش کرتے ہیں، حوصلے سے قید وبند کا سامنا کرتے ہیں، بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نا قابلِ تلافی نقصانات برداشت کرتے ہیں مگر تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انقلابی جماعت ایسی بھی آئی جس نے ڈر کے مارے ٹانگ پر پلستر چڑھانے، سر پر بالٹیاں رکھنے، ویل چیئرز پر بیٹھ جانے، ہسپتالوں، کورٹ روموں اور باتھ روموں میں چھپ جانے اور جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگانے کی نئی تاریخ رقم کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں