اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)پاکستان کی جانب سے کیئے گئے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی کے موقع پر پاک فضائیہ نے پوری پاکستانی قوم کے عزم کو سلام کیا ہے ۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 مئی 1998 کے دن پاکستان نے بھارت کے اشتعال انگیز ایٹمی تجربات کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے اپنی ایٹمی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ نے ایٹمی تجربات کے دوران اپنے سی-130 طیاروں کے ذریعے جوہری اور حساس آلات کو ٹیسٹ سائٹ تک پہنچایا۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ٹیسٹ سے قبل اور اسکے دوران فضائی سیکیورٹی فراہم کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایٹمی ٹیسٹ کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ہائی الرٹ پر رہے جبکہ ہمارے شاہین پائلٹس دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ تن تیار تھے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہاکہ پاک فضائیہ کو اس تاریخ ساز واقع کے دوران انتہائی اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ یوم تکبیر کی مناسبت سے پاک فضائیہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ پاک فضائیہ کا ہر سپاہی یہ عہد کرتا ہے کہ وہ اسی لگن اور عزم کے ساتھ ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع جاری رکھے گا۔







