9 مئی واقعات میں معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، وزیراعظم

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ سابق وزیراعظم کے مذموم عزائم کی ناقابل تردید تائید ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ عمران نیازی کی معیشت اور اس کے کام کرنے والے وسیع ماحول کے بارے میں سمجھ کافی محدود ہے۔ معاشی چیلنجوں کو گہرا کرنے میں وہ اپنے کردار کو بھی آسانی سے بھول جاتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کیساتھ معاہدے کو ختم کرنے سمیت ہمیشہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی خواہش کی ہے۔ یہ ان کی نان سٹاپ ایجیٹیشن، لانگ مارچ اور دھرنے کی سیاست کے منفی اثرات کے علاوہ ہے جو سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے حوالے سے معیشت پر پڑا ہے۔ یہاں تک کہ ملکی سرمایہ کار بھی عمران نیازی کی طرف سے جان بوجھ کر بنائے گئے ایسے غیر مستحکم ماحول میں اپنا سرمایہ لگانے سے کترائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ اس کے مذموم عزائم کی ناقابل تردید تائید ہے۔ اس میں کرپشن کے کیسز کی کثرت کا ذکر نہیں ہے جن میں وہ ملوث ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن سخت وقت گزر چکا ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے، بروقت پالیسی مداخلتوں کے ذریعے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو ہم دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر مالیاتی خلا کو ختم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ ہمارے لیے اصل چیلنج درآمدات پر انحصار کم کرنا اور مہنگائی کو کم کرنا ہے، جو اس وقت ممکن ہے ، جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار کو معیشت کا انجن بنائیں۔ یہیں سے ہماری کوششیں آگے بڑھ رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں