فنانسنگ پروگرام ابھی ختم نہیں ہوا،پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں،نیتھن پورٹر

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن کے سربراہ نیتھن پورٹرنے کہا ہے کہ فنڈ جون کے آخر میں فنانسنگ پروگرام کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بورڈ میٹنگ کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کے حکام سے رابطے میں ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق عمومی طور پر پروگرام کے جائزے کے لیے بورڈ میٹنگ کے لیے عملے کی سطح پر پیشگی معاہدے کی ضرورت ہوتی ہے، جو پاکستان کے معاملے میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کا راستہ کھول دے گا۔عملے کی سطح کا معاہدہ گزشتہ برس نومبر سے تاخیر کا شکار ہے، پاکستان میں عملے کی سطح کے آخری مشن کو 100 سے زیادہ دن گزر چکے ہیں، جو کہ 2008 کے بعد اس طرح کی سب سے طویل تاخیر ہے۔آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر نے کہا کہ ’یہ رابطہ غیر ملکی زرمبادلہ کی مناسب مارکیٹ کے کام کی بحالی، پروگرام کے اہداف کے مطابق مالی سال 24 کے بجٹ کی منظوری اور مناسب فنانسنگ پر توجہ مرکوز کرے گا۔نیتھن پورٹر نے کہا کہ وسیع پیمانے پر ’موجودہ اقتصادی اور مالیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے لیے مضبوط اور جامع نجی زیر قیادت ترقی کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے مستقل پالیسی کی کوششوں اور اصلاحات کی ضرورت ہوگی۔اگرچہ آئی ایم ایف ملکی سیاست پر کوئی تبصرہ نہیں کرتا تاہم پاکستان کے سیاسی عدم استحکام کا حوالہ دیتے ہوئے نیتھن پورٹر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے مطابق آگے بڑھنے کا ایک پرامن راستہ تلاش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں