لاہور (روزنامہ قوم انٹرنیشنل)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کی نا اہلی کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا،وہ عدالت کی اجازت کے بعد باہر گئے،میں کسی پارٹی میں نہیں جا رہا تھا اسی جماعت میں ہوں یا پھر گھر جاؤں گا۔ضلعی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی پر الزام ہو تو تفتیش کاحصہ بننا چاہیے۔ملک میں الیکشن آپ کو کوئی حل نہیں دے گا،الیکشن نہ ہونا اس سے بھی بڑی خرابی ہے،اس وقت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کا صدر معاملات کے حل کیلئے اہم رول ادا کر سکتا ہے،بد قسمتی سے وہ بھی ایک فریق بن گیا ہے۔ صدر سب اسٹیک ہولڈرز کو بلائے اور ملک کا ایک ایجنڈا طے کریں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی کسی جماعت کو ختم نہیں کرسکتا،جس ملک میں جمہوریت نہیں ہو گی الیکشن چوری ہوں گے تو پھر بوجھ پڑے گا۔ سب ذمہ داری سے کام کریں گے تو ملکی مسائل حل ہو سکیں گے۔







