حکومت بے گناہ لوگوں کو بند رکھنے کے بجائے اپنا وقت عوام کومعاشی تکلیف سے نکالنے پر لگانا چاہیے،اسد عمر

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ وکلاء ٹیم کی انتھک محنت سے ہزاروں ورکرز کی رہائی ممکن ہوئی ہے۔ لیکن ابھی بھی بڑی تعداد میں بے گناہ لوگ زیر حراست ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ان بے گناہ لوگوں کو بند رکھنے پر محنت کرنے کے بجائے حکومت کو اپنا وقت عوام کو سخت ترین معاشی تکلیف سے نکالنے پر لگانا چاہیے۔قبل ازیں اسد عمر عدالت پیش ہوئے تو صحافیوں نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ عمران خان سے ملنے لاہور جائیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ فی الحال دہشتگردی کی عدالت جا رہا ہوں۔ صحافی نے سوال کیا پی ٹی آئی کے عہدے چھوڑنے پر افسوس ہے جس پر اسد عمر نے کہا کہ فی الحال دہشتگردی عدالت جانے پر فوکس ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ عوام کا پریشر ہے او وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی فرنٹ لائن لیڈرشپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی،مشکل وقت میں آپ عمران خان کے ساتھ کیوں نہیں کھڑے ہوئے۔اسد عمر صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے کی بجائے خاموش رہے۔ اسد عمر نے کہا کہ آپ لوگ ہی فیصلہ کر لیں، میرا موقف تو عوام کے پاس ہے ۔گذشتہ روز بھی اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے ووٹ صرف عمران خان کا ہے کوئی ہو یا نا ہو کوئی فرق نہیں پڑتا، بھٹو صاحب پر جب مشکل وقت آیاتھا تب باقی لیڈر کہاں گئے تھے ، پیپلز پارٹی میں کوئی نہیں بچا تھا ، مسلم لیگ ق نے جب 2002 میں حکومت بنائی تھی اس میں سارے مسلم لیگ ن والے تھے۔لاہور جاکر عمران خان سے ملاقات کرنے کے سوال پر اسد عمر نے جواب دیا کہ جی شاید ممکن ہے مل لوں۔آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال کے جواب میں اسد عمر مسکرا دئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں