میئر کراچی کا انتخاب، الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت واضح ہے،سراج الحق

کراچی(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میئر کراچی کے انتخاب کے حوالے سے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے ۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کے اغوا، ووٹوں کی خریداری، دھونس دھاندلی سے میئر کراچی کا الیکشن آئین و جمہوریت پر سوالیہ نشان ہے۔اگر جمہوریت کو اس طرح مسلسل مذاق بنایا جائے گا تو اس پر لوگوں کا رہا سہا اعتماد بھی ختم ہو جائے گا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ملی بھگت بھی واضح ہے، بلدیاتی اور میئر الیکشن میں اس نے سندھ حکومت کے طفیلی ادارے کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ شفاف قومی انتخابات کےلیے الیکشن کمیشن نے اپنی وقعت کھو دی ہے۔واضح رہے کہ کراچی کیلئے میئر کے انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر کراچی کے انتخاب کے لیے مرتضیٰ وہاب کو 173ووٹ مل گئے۔جب کہ حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔حافظ نعیم الرحمان پی ٹی آئی ارکان کی غیر حاضری کی وجہ سے اکثریت حاصل نہ کر سکے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے دفتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھو ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں