وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر سے آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ ڈونلڈ بلوم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرا دی،امریکی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔ یاد رہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے برطانوی ہائی کمشنر سے مدد طلب کر رکھی ہے۔وزیرخزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر سے ورچوئل ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو موجودہ معاشی صورتحال کے ساتھ آئی ایم ایف سے تعطل کا شکار معاہدہ بارے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ نے برطانو ی ہائی کمشنر کو آئی ایم ایف سے معاہدے کرنے میں مدد کی درخواست کی جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے سینیٹر اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔برطانوی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیرخزانہ مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں اور انہیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا۔ اب وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سفارش پر مختلف ممالک کے سفیر بھی آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں