اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) پی آئی اے نے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ۔ پی آئی اے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق گزشتہ شب کراچی تا جدہ آپریٹ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی کل 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ ان پروازوں کے ذریعے سرکاری سکیم کے تحت تقریبا 41 ہزار اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 19 ہزار عازمین حج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ پہنچائے گئے ۔پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا۔ پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد،سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں۔ سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے عازمین حج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا، 268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں۔ پورے حج آپریشن میں صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں۔ حج آپریشن میں بروقت روانگی کے اعلی تناسب پر پی آئی اے کے سی ای او نے متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔







