ملتان (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 215 ارب کے نئے ٹیکس لگا دیئے گئے، ملکی معیشت سکڑنے لگی، قوم پہلے ہی مہنگائی سے پس رہی ہے، اسحاق ڈار کسی اور کو ذمے داری دے دیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انصاف کا پرچم اب بھی میرے ہاتھ میں ہے، اسحاق ڈار کو فوری استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ ملکی معیشت کی حالت مخدوش ہے، فنانس بل کو ریوائز کیا جا رہا ہے۔ جو پہلے ٹیکس لگے وہ موجود ہیں، مزید اضافہ کر دیا گیا۔ قوم کے سامنے پیش کیا گیا بجٹ کچھ اور ہے اور منظور کروایا گیا بجٹ کچھ اور ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکسٹائل کی صنعتیں تقریبا 40 فیصد بند ہو چکیں، مزید بند ہو رہی ہیں۔ انڈسٹریز اس وقت بحران کی کیفیت میں ہیں۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی پروڈکشن متاثر ہو رہی ہے۔ زراعت کا بھی برا حال ہے۔ ملکی معیشت سکڑ رہی ہے، حکمرانوں کی باتیں سچائی پر مبنی نہیں۔ آئی ایم ایف کو اسحاق ڈآر پر اعتماد نہیں۔ان سے گزارش ہے وزارت کسی اور کو دیدیں۔







