اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےشکرگڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے بروقت انخلا اور مدد پر رینجرز اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و با حفاظت انخلا کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کےمطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ رینجرز اور ریسکیو کی بروقت امدادی کارروائی سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کی جان بچائی گئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے فرض شناس سپوتوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔وزیرِ اعظم نے ریسکیو اداروں کو راوی، چناب اور ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کر دی۔ وزیرِ اعظم نے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و با حفاظت انخلاکی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔







