اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) دہشت گردی کے مقدمات،عدالتی طلبی کے باوجود عمران خان پیش نہ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل کمپلیکس حملہ سمیت دہشت گردی کے 5 مقدمات کیخلاف سماعت ہوئی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر ملزمان عدالت کے طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہوئے۔ عمران خان اور دیگر ملزموں کو دوبارہ طلب کر لیا گیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ عدالت جب طلب کرےآپ نے پیش ہونا ہوگا تاکہ کیسز کے شواہد ریکارڈ کر کے نمٹایا جاسکے۔ عدالت نے تھانہ رمنا میں درج 2 مقدمات میں کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ جوڈیشل کمپلیکس حملے سمیت دہشت گردی کے 5 مقدمات میں اہم پیشرفت ہوئی تھی،پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر ملزموں کیخلاف چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرایا۔پولیس نے چالان میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کو ملزم قرار دیا۔ عدالت نے ٹرائل کے باضابطہ آغاز کیلئے عمران خان اور دیگر ملزموں کو طلب کیا تھا،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے طلبی کے نوٹس جاری کئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اسد عمر،عامر محمود کیانی،علی نواز اعوان اور جمشید محبوب کو بھی آج طلب کر رکھا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ چیئرمین تحریک انصاف انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 بجے پیش ہوں،ملزمان حاضری یقینی بنائیں۔ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جائیں گے۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی 5 مقدمات میں ضمانت مںظور کر رکھی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر کیخلاف تھانہ سنگجانی،تھانہ رمنا اور تھانہ گولڑہ میں مقدمات درج ہیں جن میں عمران خان،اسد عمر اور علی نواز اعوان کو نامزد کیا گیا۔







