اگر نواز شریف کوموقع دیاگیا تو پاکستان کو ترقی،خوشحالی کی طرف لےکرجائیں گے،وزیراعظم

لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپیہ کہاں اور ڈالر کا ریٹ کہاں ، ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی، انقلابی اقدامات اٹھا کر جرات مندانہ فیصلے کرکے آگے بڑھے تو پاکستان کی معاشی ترقی آپ کے قدم چومے گی،عوام جس کو بھی لائیں ہم تسلیم کرینگے ،اگر نواز شریف کوموقع دیا تو وہ پاکستان کو ترقی،خوشحالی کی طرف لےکرجائیں گے۔وزیر اعظم نے لاہور میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں میں چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اب روپیہ اور ڈالر آسمان اور زمین پر نہیں جا رہے، اس میں اب استحکام آرہا ہے، اسی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپیہ کہاں اور ڈالر کا ریٹ کہاں ہوتا اور ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی۔گزشتہ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 سالہ دور میں جو تباہی بربادی ہوئی اس کو سامنے رکھیں، اربوں کے اسکینڈل چار سالوں کے دوران ہوئے، بی آر ٹی،مالم جبہ،چینی اسکینڈل،190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا، حقائق پر آپ نے فیصلہ کرنا ہے، عوام نے جو فیصلہ دیا اسے قبول کریں گے۔وزیر اعظم نےکہا کہ جن لوگوں نے شیطانی چرخہ چلایا، جو ملک کے خلاف سازش میں ملوث تھے، ان کی سازشیں، ان کے سمندر پار تانے بانے ناکام ہوئے، چند روز قبل اسرائیل کا پاکستان کے خلاف بیان آیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں ہے، یہ بہت چیلنجنگ پروگرام ہے، اگر ہم نے معاشی اصلاحات کیں، انقلابی اقدامات اٹھا کر جرات مندانہ فیصلے کرکے آگے بڑھے تو پاکستان کی معاشی ترقی آپ کے قدم چومے گی، اس کی ذمے داری مجھ سمیت ملک کی اشرافیہ کے اوپر ہے۔وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم باصلاحیت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر کم سود والے قرض کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں ان کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا یہ وہی لیپ ٹاپ ہے جس نے کورونا میں بچوں کو تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا، جو لیپ ٹاپ کو رشوت کہتا ہے آپ اس کی دماغی حالت کا اندازہ لگالیں، ہمارے تمام منصوبے خود منہ بولتا ثبوت ہیں، نوازشریف کو کیوں اقتدار سے محروم کیا گیا؟ مجھے قوم کی خدمت کرنے کی وجہ سے پابند سلاسل کیا گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک سے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھایا، نوازشریف نے آج تک ملک کیخلاف سازش کا سوچا بھی نہیں، نوازشریف نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم ہوں تو سب ٹھیک میں وزیر اعظم نہیں تو سب کچھ برباد ہے کی سوچ غلط ہے، پی ٹی آئی دور میں تجوریاں بھری گئیں، چینی اور گندم کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا، بی آر ٹی اور 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، نواز شریف کو اگرموقع دیا تو وعدہ ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی،خوشحالی کی طرف لےکرجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بےبنیاد مقدمات میں سزا دی گئی، ہم نے لاہور کی میٹرو بس سروس 30 ارب روپے میں بنائی، پھر الزام لگایا کہ اتفاق فاؤنڈری سے سریہ آیا، وہ تو 15 سال سے بند تھی، نوازشریف کو پانامہ میں پکڑ کر اقامہ پر نااہل کیا گیا، ہم نے ملک کی خاطر تکالیف برداشت کیں۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ترقی کیلئے ایثار اور محنت کا عزم کرنا ہوگا، اگلے الیکشن میں عوام نے منتخب کیا تو ملک کو آگے لیکر جائیں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کا نقشہ بدل دیں گے، پوری قوم سے وعدہ کرتا ہوں ہم نے وطن کو عظیم بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں