جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگرمقدمات میں شاہ محمود، اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی جناح ہاؤس اورعسکری ٹاور سمیت تین مقدمات میں عبوری ضمانت پرسماعت ہوئی، خصوصی عدالت کی ڈیوٹی جج عبہر گل نے سماعت کی۔ڈیوٹی جج نے وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ پولیس نے شاہ محمود قریشی کو جناح ہاؤس اور گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس سمیت چھ مقدمات میں نامزد کر رکھا ہے۔سابق وزیر خارجہ پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے آفس اور گلبرگ میں کینٹینر جلانے کا بھی الزام ہے۔دوسری طرف عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں لاہور کی انسدادہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں آٹھ اگست تک توسیع کر دی۔اس کیس کی سماعت بھی انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کی، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے۔گلبرگ پولیس نے اسد عمر کو عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں