کراچی(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے
۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں پیپلزپارٹی کے حریف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی قیادت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس کے ذریعے صوبے میں سیاسی اتحاد بنانے کے لیے جی ڈی اے اور جے یو آئی ف میں گفتگو کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آئندہ الیکشن کے لیے صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنانا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے تحت انہوں نے پیپلز پارٹی کے مخالفین سے ملاقاتیں کی ہیں کیوں کہ جے یو آئی ف سندھ میں پیپلزپارٹی کی مخالف قوتوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کی خواہاں ہے۔
جی ڈی اے کے رکن نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ اس کا کوئی شیڈول نہیں تھا بس اچانک ہی ملاقات ہوئی، جس میں سندھ میں آئندہ سیاسی اتحاد بنانے پر بات چیت کی گئی، صوبہ سندھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی مل کر الیکشن لڑنے کے امکانات پر غور کیا گیا، جس کے لیے آئندہ الیکشن میں اتحاد اور سیٹ ایڈجسمنٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس دوران ایسی ملاقاتیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوگیا۔







