احسن اقبال کا بلاول بھٹو کو چیلنج

نارووال(کیپیٹل رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءاحسن اقبال نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نارووال سے لاڑکانہ کی ترقی کا موازنہ کرلیں، لاڑکانہ نارووال سے بہتر ہوا تو میں ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔ ن لیگی رہنماءنے این اے 75میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پیدا ہونے والا لیڈر نیٹ پریکٹس کررہا ہے لیکن بڑے بیانات دے رہا ہے،اس کا یہ لیول نہیں کہ نواز شریف کو مباحثے کا چیلنج دے، بلاول پہلے اپنی پارٹی کی سربراہی سنبھالیں پھر بات کریں۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا دن ہے، 8 فروری کوانتشاراورامن والوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، شہدا کی یادگار مسمار کرنے والے ووٹوں کے مستحق نہیں ہوسکتے ۔احسن اقبال کا مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی ساری سیاست جادو ٹونوں پرچلتی ہے۔ انہوں نے شرکاء میٹنگ سے پوچھا کہ کیا لیپ ٹاپ دینے والے ووٹوں کے حقدار ہیں یا کٹے دینے والے؟ سازش کے تحت بانی پی ٹی آئی کوہمارے اوپر مسلط کیا گیا تھا، ہمیں مہنگائی کا لیکچر نہ دو ملک میں مہنگائی کرنے والا آج اڈیالہ جیل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو تاریخ میں ایسے یاد رکھا جائے گا کہ انہوں نے نوجوانوں کو سکھایا کہ کس طرح لوگوں کی پگڑیاں اچھالنی ہیں۔ عمران خان نے ملک میں نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا ۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر پاکستان کو بچائے گئی، الیکشن جیتنے کے بعد ان کی جماعت ملک میں بجلی سستی کردے گی، غریب کیلئے روٹی سستی کریں گے تاکہ ان کی زندگیوں میں خوشحالی آئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں