اسلام آباد: مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کیلئے ایک اور بری خبر آ گئی، حکومت آئندہ 15 دنوں کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 11 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ قیمتوں میں ممکنہ رد و بدل کا حتمی فیصلہ آج رات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی سمری آج وزارت پٹرولیم کو بھیجی جائے گی، جس کے بعد وزیراعظم اور وزیر خزانہ مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کو اس ممکنہ اضافے کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔







