اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی اسفندیار بھنڈارا نے منگل کے روز اسلام آباد کے سیکٹر جی-7 میں واقع مسیحی آبادی کا دورہ کیا، جو حالیہ المناک گیس دھماکے سے متاثر ہوئی تھی۔ اس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ متعدد گھر بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔
اس موقع پر اسفندیار بھنڈارا نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے مسائل سنے۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غم و الم کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہم سب کی مشترکہ انسانی ذمہ داری ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
دورے کے دوران بشپ صدیق گل، نیو اپاسٹولک چرچ پاکستان، اور ویزل صدیق گل، کوآرڈینیٹر راولپنڈی ڈویژن مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ، بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سرد موسم اور دھماکے کے باعث گھروں کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر، رکن قومی اسمبلی نے متاثرہ خاندانوں میں سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کمبل تقسیم کیے تاکہ انہیں جاری شدید سردیوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔







