اسلام آباد() ہلال احمر پاکستان (پی آر سی ایس) کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے جنیوا میں پاکستان مشن میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد انسانی ہمدردی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا تھا۔
ملاقات میں عالمی فنڈنگ کے بدلتی ہوئی صورتحال ، انسانی ہمدردی کی راہ میں حائل چیلنجز اور پاکستان میں مؤثر امدادی سرگرمیوں اور آفات کے بعد بحالی کے اقدامات کی کی توثیق اور تعاون کے لیے ہم آہنگی کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فریقین نے مخیر حضرات ،امدادی اداروں اور شراکت داروں تک رسائی بڑھانے کے لیے عالمی پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال پر بھی بات چیت کی تاکہ کمزور طبقات کے لیے امداد کے معیار اور دائرۂ کار کو بہتر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے نظام اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ بروقت، مربوط اور ضرورتوں پر مبنی انسانی ہمدردی کے ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے پاکستان میں معتبر انسانی ہمدردی کے ادارے کے طور پر
ہلال احمر پاکستان کے کردار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
محترمہ فرزانہ نائیک نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو متحرک کرنے کے لیے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مشن کے ساتھ قریبی رابطہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے مخیر حضرات اور اداروں تک رسائی بڑھے گی اور مؤثر انسانی ہمدردی اقدامات کے ذریعے کمزور طبقات کی مدد اور خدمت کے لیے اجتماعی کوششیں مزید مستحکم ہوں گی
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہلال احمر پاکستان اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا مستقل مشن انسانی ہمدردی کے مقاصد اور آفات سے نمٹنے کے اقدامات کی حمایت کے لیے مستقبل میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔







