کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایران نہیں پوری امتِ مسلمہ کا نقصان ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف بلااشتعال کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، امریکا اور اسرائیل نے ایک بار پھر خود کو دہشت گرد ریاستیں ثابت کیا، یہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، دنیا کے ضابطوں کو نہ ماننا عالمی امن کے لیے خطرناک رجحان ہے، ایران میں رجیم چینج کی بات کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کسی ملک کی قیادت کو ٹارگٹ کرنا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، ہم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، آج پورے ملک میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، یہ نقصان صرف ایران کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا نقصان ہے، عالمِ اسلام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، عالمی برادری فوری نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہئے امریکا کسی کا دوست نہیں، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی آشیرباد حاصل کرکے کچھ پا لیں گے تو ایسا نہیں ہوگا، پاکستان کو سمجھ لینا چاہیے کہ یہ حملہ صرف ایران پر نہیں ہے، یہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اسرائیل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت بری لگتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی دہشت گرد اور جنگی مجرم قرار دینا چاہئے۔







