اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کر دیا

کراچی(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری کا پالیسی اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کر دیا۔اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کے مطابق بنیادی شرح سود 17 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہو گئی، رواں سال مہنگائی کی شرح 29 فیصد تک رہ سکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ مانیٹری پالیسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی پالیسیوں، بیرونی حالات نے قلیل مدتی مہنگائی کا منظر نامہ بگاڑا ہے۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیڑھ سال میں شرح سود میں 13 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی سٹاف لیول معاہدے سے قبل پاکستان سے شرح سود بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان مخالف عناصر ڈیفالٹ ہونے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، وزیر خزانہ

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف عناصر ملک کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے متعلق افواہیں سراسر غلط ہیں، سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، بیرونی ادائیگیوں کے باوجود ذخائر 4 ہفتوں میں پہلے کے مقابلے میں ایک بلین ڈالر زیادہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا غیر ملکی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں، امید ہے اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، تمام اقتصادی اشاریے آہستہ آہستہ درست سمت میں بڑھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں