حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے اسرائیلی فوج کا انخلا ضروری ہے: لبنان

بیروت: (آئی پی ایس) لبنان نے کہا ہے کہ ہمارا راستہ ایران سے الگ ہو چکا ہے، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے اسرائیلی فوج کا انخلا ضروری ہے۔

لبنان کے وزیرِ اطلاعات پال مورکوس نے کہا ہے کہ تین ہفتوں کی جنگ بندی میں توسیع لبنانی حکومت کی درخواست پر کی گئی، جنگ بندی کا بنیادی مطالبہ لبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں کا مکمل خاتمہ تھا۔

لبنانی وزیرِ اطلاعات کے مطابق حکومت حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے فوج کی تعیناتی سمیت اہم اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیلی افواج لبنان سے انخلاء کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

لبنان کے وزیرِ خارجہ یوسف راجی نے کہا ہے کہ اگر مقصد جنگ کا خاتمہ اور علاقے کی واپسی ہو تو اسرائیل سے مذاکرات کرنے میں کوئی شرم نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کو ہتھیار ڈالنے کے مترادف سمجھنا غلط ہے، بلکہ یہ قومی مفاد کے تحفظ کا ایک ذریعہ ہیں، لبنان کسی بھی بیرونی طاقت کا تابع نہیں اور نہ ہی کسی محور کے ہاتھ میں ایک کارڈ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں