اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چند ججز کی وجہ سے سپریم کورٹ کا کردار متنازعہ ہو چکا ہے،پنجاب میں انتخابات کیلئے 90 دن کا فیصلہ دیا گیا،خیبر پختو نخوا کیلئے آنکھیں بند کر لیں، کیا آئین پاکستان صرف پنجاب میں نافذ ہوتا ہے خیبر پختو نخوا میں نہیں؟ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند ججز کی وجہ سے سپریم کورٹ کا کردار متنازعہ ہو چکا ہے۔سپریم کورٹ کے اقلیتی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کی پاسداری کریں گے،کہا گیا کہ 90 دن میں الیکشن ہوں گے۔سپریم کورٹ کے ججز نے چار تین کا فیصلہ دیا،4 ججز کے فیصلے کو بلڈوز کر دیا گیا،سپریم کورٹ پاکستان میں انصاف کا آخری مورچہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے 90 دن کا فیصلہ دیا گیا اور خیبر پختو نخوا کیلئے آنکھیں بند کر لی گئیں،کیا آئینِ پاکستان صرف پنجاب میں نافذ ہوتا ہے؟







