اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت وفاق اور صوبوں میں فوج کی طلبی، تحریک انصاف کے کارکنان، قائدین کیخلاف بدترین کریک ڈاؤن اور ان کیخلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی کا معاملہ ،پاکستان تحریک انصاف نے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے دائر درخواست کے ذریعے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کر لیا ۔درخواست بیرسٹر گوہر خان اور عزیر کرامت بھنڈاری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور آئی جیز کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں کیا جاسکتا، آرٹیکل 245 کا نفاذ سیاسی مخالفین کو فوج سے لڑوانے کیلئے ہے، فوجی عدالتوں میں ٹرائل بنیادی حقوق کے خلاف ہے، آئین پر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے،تاریخ میں کبھی ہزاروں سیاسی کارکنوں اور لیڈرز کا فوجی عدالت میں ٹرائل نہیں ہوا، درخواست میں عدالت سےفوج کی طلبی کے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان، قائدین کیخلاف جاری بدترین ملک گیر کریک ڈاؤن فوری طور پر روکا جائے اورپرامن نہتے شہریوں اور کارکنان کیخلاف فوجی عدالتوں کے ذریعے کارروائی کے فیصلے کو غیرآئینی و غیر قانونی قرار دیکر کالعدم قراردیا جائے ۔







