عمران خان نے حکومتی اداروں کیخلاف عام عوام کو لاکھڑا کردیا،خواجہ سعد رفیق

لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومتی اداروں کیخلاف عام عوام کو لاکھڑا کردیاہے ، عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو فروغ دیاہے ،مسلم لیگ (ن) نے آئین کی بالادستی کی جنگ لڑی ہے ، عمران خان کچھ بھی کرلے عدالت پیش ہونا ہوگا ،ہمارے لئے اور عمران خان کے لئے اور قانون یہ کہاں کا انصاف ہے ،گلگت بلتستان کی پولیس نے پنجاب میں غیر قانونی اقدام کیا ہے ،میرٹ کی پامالی سے نظام تباہ ہوجاتے ہیں ،قانون شکونوںکیخلاف کارروائی ہوگی ،ہماری قیادت عدالتوںکا سامنا کیا عمران خان کو بھی کرنا ہوگا ۔ لاہور میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ توشہ خان میں عمران خان نے جو کچھ کیا اس کو سب جانتے ہیں ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے انہوںنے ان سب چیزوں کو اثاثوںمیںڈکلیئر نہیں کیا عدالتوںنے ان کو بہت ریلیف دیا ورنہ یہاں لوگ نااہل ہوجاتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کو عدالتیں بلاتی رہیں پیشی پر بلاتے رہے لیکن یہ نہیں پیش ہوئے جس کے بعد وارنٹ جاری ہوئے مگرپھر انہوںنے خواتین اور بچوں کوڈھال بناکر گرفتاری دینے سے بھی انکار کیا اور عوام کو اکسا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پٹرول بم پھینکے جارہے ہیں پتھرائو کیا جارہا ہے اورتحریک طالبان کے ٹرینڈ لوگ ان کی جماعت کا حصہ بن کر اداروں کیخلاف مسلح ہوگئے ہیں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب عمران خان کہتے تھے کہ میں ان کو جیل میں ڈالوں گا ان کو رلائوں گا ہم نے تو ایسا کچھ نہیں کیا نہ کہا ۔ ہم نے ثاقب نثار اور جسٹس کھوسہ کی عدالتوں کا سامنا کیا احتساب عدالتوں میں بھی پیش ہوتے رہے ہم نے تو کبھی بزدلی کا مظاہرہ نہیں کیا سب حالات ہم نے برداشت کئے کبھی عدالتوں پر پتھرائو نہیں کیا ان کی یہ حالت ہے کہ ایک بار عدالت گئے تو جم غفیر لے گئے اور عدالت کو دبائو میں لانے کی کوششیں کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں کا سامنا کرنا ہوگا پولیس نے تشدد سے گریز کیا اگر تشدد کرتی تو اتنے زیادہ پولیس والے زخمی نہ ہوتے ان کے کارکن زخمی ہوتے پولیس والوں پر پٹرول بم پھینکے گئے میں مبارکباد دیتا ہوں اس کے سہولت کاروں کو جو اسٹیبلشمنٹ میں بھی تھے اور عدلیہ میں بھی تھے انہوں نے ایک بہروپیا کو حکومت دے کر ملک کا یہ حال کردیا جس کا خمیازہ پوری ریاست بھگت رہی آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاملات حل نہیں ہوئے عمران خان کے معاہدے ہیں جن سے انہوں نے انحراف کیا ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک عدالت ناقابل ضمانت جاری کرتی ہے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس چل رہا اور لاہور ہائی کورٹ میں فیصلہ آجاتا ہے گرفتار نہیں کرسکتے یہاں دو پاکستان بنا دیئے گئے ہیں عمران خان کا پاکستان اور عام عوام کا پاکستان اورہے بتایا جائے کہ کیا نواز شریف اور مریم نواز عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے تھے وہ کلثوم نواز کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان عدالتوں میں پیش ہونے کیلئے آئے اس کے باوجود کہ یہاں کینگروز کورٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ کے علاوہ اور کچھ کیا کیا ہے اپنے سہولت کاروں اور فارن فنڈنگ سے ملک میں اقتدار حاصل کیا میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ان کے کارکنوں نے جو پتھرائو کیا جو مار پیٹ کی ہے وفاقی حکومت ایکشن لے گی پنجاب حکومت کیئر ٹیکر حکومت ہے وہ اپنا کام کرے گی عمران خان کو عدالت میں پیش کرنا ہم اداروں کی ذمہ داری ہے عدالتیں آپ کو چھوڑ دیں سزا دیں یہ ان کی صوابدید ہے اب کوئی نو گو ایریاز نہیں بنانے دیا جائے گا عمران خان کوفیصلہ کرنا ہے کہ عدالتوں میں پیش ہوناہے یا جتھہ بردار بن کر اداروں پر حملہ آور ہونا ہے ۔ عمران خان کو تاریخیں پر تاریخیں دی گئی مگر اس نے تمام احکامات پائوں تلے روند دیئے ہمارے ساتھ تو ایسا نہیں تھا ہم تو روز عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں ۔اس وقت ملک کو جس معاشی دلدل میں گھسیٹ دیا گیا اس میں وہ جج بھی شامل ہیں جنہوں نے عمران کو ریلیف دیا اور اس کے سہولت کار بھی تھے ان کو معلوم تھا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہونگے تو مہنگائی ہوگی اور ملک بحران کا شکار ہوگا مگر اس کے باوجود انہوںنے رکاوٹیں کھڑی کیں ۔ انہوںنے کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوںکہ ہم نے ڈکٹیٹر کا بھی سامنا کیا ان حالات کا بھی سامنا کرلیں پی ٹی آئی کی یاسمین راشد کی آڈیو سن لیں وہ کیا کہہ رہی ہیں یہاں یہ کہا جاتا ہے بندے لے کر آجائو ٹکٹ لے لو کون سے ٹکٹ تقسیم کئے جارہے ہیں ملک کو انتشار کرنے کے ٹکٹ تقسیم کئے جارہے ہیں ۔مجھے بتایا جائے ملک نہیں ہوگا تو حکومت کس پر کرینگے ڈھانچے پرکرینگے اگر آپ کو یقین ہے کہ زیادتی ہورہی ہے تو کورٹ میں جا کر اس کا سامنا کریںوہاں جا کر درخواست دیں عدالتیں ویسے بھی ان کو ریلیف دے رہی ہیں ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مجھے بتایا کہ کیا اسلام آباد کی پولیس گلگت میںجا کر کارروائی کرے تو وہاں کے لوگوں کو کیا لگے گا اس لئے گلگت کی موجودہ حکومت کو ایک سوچ رکھنی چاہیے کہ وہ ریاست کے ساتھ چھیڑ خانی نہ کریں اور صوبائی منافرت پھیلانے سے گریز کریں اس کا سیاسی حل نکالا جائے اپنے بندوں کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرینگے تو اس کے کیا نتائج نکلیںگے اس کو دیکھنا ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ آنکھیں بند کرکے اسمبلیاںنہیں توڑی جاسکتی ہیں پہلے اسمبلیاں توڑ دیںاب کہتے ہیں الیکشن کرائو آپ کی حکومت تھی اتنا شور کرنا تھا تو اسمبلیاں کیوں توڑیں تنخواہوں کے لئے پیسے نہیں ہیں خزانہ خالی ہے ان کو دو صوبوں میں انتخابات پڑی ہوئی ہے اگر انتخابات کرانے تھے تو اسمبلیاں کیوں توڑیں ۔ انہوںنے کہا کہ کوئی بھی ہے چاہے جرنیل ہو ، جج ہو سول سرونٹ ہو آئین و قانون کی پاسداری کرنی ہوگی عمران خان کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو عدالتوں میں پیش ہونا ہوگا لاشوں کی سیاست کرنا بند کریں اپنے بندے خود مروا کر آپ ہیرو بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل ہوتا ہے اور اس مسئلے کا حل ہے کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہوجائیں جس طرح سارے پیش ہوتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ لوگ روڈپر کھڑے ہوکر گالیاں دیں ، پٹرول بم پھینکے ، پتھرائو کریں اور حکومت کچھ نہ کرے ان کی فارن فنڈنگ ثابت ہوچکی ہے ان کو کہاں سے پیسہ مل رہا ہے جس سے یہ ملک میںانتشار پھیلا رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں