مارکیٹوں ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لے کر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے،احسن بختاوری

اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل)تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے مارکیٹوں کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہو رہا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈی ایم اے متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لے کرمارکیٹوں سے تمام تجاوزات ختم کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر سی ڈی اے کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن یاسر فرہاد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ ڈی ایم اے چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے مارکیٹوں کا دورہ کریں تا کہ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے تجاوزات کو ہٹایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی مارکیٹوں کو پارکنگ، سیوریج،، فٹ پاتھوں کی مرمت، سڑکوں کی کارپیٹنگ اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے لہذا ڈی ایم اے چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر مارکیٹوں میں تجاوزات سمیت دیگر مسائل کو حل کرانے کے لیے ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ لائسنس اور بورڈ لائسنس سمیت تاجروں کے دیگر مسائل بھی حل کرنے میں تعاون کیا جائے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یاسر فرہاد، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن، سی ڈی اے نے کہا کہ وہ تاجروں کو تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں اور یقین دلایا کہ وہ متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر ہفتہ وار دوروں کا ایک شیڈول بنانے میں تعاون کرے تاکہ وہ مختلف مارکیٹوں کا دورہ کر کے تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم اے نے گرین ایریاز اور اوپن جگہوں پر کاروبار کے تمام لائسنس منسوخ کر دیے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری منصفانہ کاروباری طریقوں کو فروغ دینے میں ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ لائسنس کے لیے ایک ایس او پی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ اوپن ایریاز کے لیے بھی پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو روزمرہ استعمال کی اشیاء فراہم کرنے کے لیے صرف رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں میں سستے بازار قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ مارکیٹوں میں تجاوزات سمیت تاجروں کے دیگر مسائل کے حل کے لیے آئی سی سی آئی اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
چیمبر کے سابق صدرظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں بشمول عبدالرحمن صدیقی، اختر عباسی، راجہ امتیاز، طاہر عباسی، زاہد قریشی اور دیگر نے بھی اس موقع پر ڈی ایم اے کو اپنی اپنی مارکیٹوں کے تجاوزات سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے مفید تجاویز دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں