فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر دنیا میں سرفہرست

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک ہوگئی ہے۔

عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 451 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی 224 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 758 پارٹیکولیٹ میٹرز، علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے کا اے کیو آئی 752 ، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 613 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں دو دنوں میں بادل برسنے کا امکان ہے، بارشوں کے باعث سموگ کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی، بارشوں سے لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک ہے، ملتان میں اے کیو آئی 902، گوجرانوالہ میں 726 اور فیصل آباد میں 389 ریکارڈ کیا گیا۔

انسداد سموگ اقدامات کے باوجود لاہور کے متعدد علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار ہے، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں