اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہتر ہوتا لاڈلے بہروپیے کو شیروانی پہنا کر وزیر اعظم ہاؤس میں بٹھا دیتے، قوم کا وقت اور پیسہ بچ جاتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اکثریتی ججوں کے مسترد کردہ مقدمے میں فیصلہ غیر آئینی ہے، آئین پر انا کا حاوی ہونا ملک کے لئے مہلک ثابت ہوتا ہے، ناقابل عمل حکم سے سیاسی و آئینی بحران مزید گہرا ہو گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فیصلہ سپریم کورٹ کے ججوں کی اکثریت کے فیصلوں کے متصادم ہے، 2017 میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے غیر آئینی سیاہ فیصلے سے ملک میں آج تک آئینی، سیاسی، معاشی بحران ہے اور خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب سازش بے نقاب ہوتی ہے تو دیر ہو چکی ہوتی ہے، 6 سال بعد پھر سہولت کاری قبول نہیں۔







