اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں میڈیا کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کے دوران میڈیا پرنشرکیےجانے والا مواد نظریہ پاکستان کےمطابق ہو، ملک کی سالمیت خودمختاری اورعدلیہ کی آزادی کے خلاف کوئی مواد شائع اورجاری نہیں کیاجائےگا۔
الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانےاور امن عامہ میں خلل والے بیان شائع نہ کیے جائیں، اخبارات، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا بھی اس کے پابند ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ مذہب، نسل، جنس اور ذات برادری سمیت ذاتی حملوں سے گریز کیا جائے، اس طرح کی کسی بھی شکایت پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق اگرکوئی امیدوار کسی دوسرے امیدوار کے خلاف الزام لگائے گا تو میڈیا دونوں کا مؤقف چلائے، میڈیا امیدواریا سیاسی جماعت کے اشتہارات کے اخراجات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیا کے نمائندے الیکشن کے عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، بین الاقوامی مبصرین اورمیڈیاپرسنزکسی بھی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان یاکوئی علامت ساتھ نہیں رکھیں گے، پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے تک میڈیا سرکاری نتائج نشر نہیں کرے گا۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا کی اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیا سرکاری اخراجات سے چلنے والی سیاسی مہم کا حصہ نہ بنے، میڈیاکو الیکشن مہم کےدوران پولنگ کےدن امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے والے مواد سے اجتناب کرنا چاہیے، ایکریڈیشن کارڈ رکھنے والے صحافیوں کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، میڈیا پرسنز بیلٹ کی رازداری کو یقینی بنائیں گے، میڈیا اہلکاروں کو گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی۔







