سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، پارلیمنٹ ہاوس کی راہداریوں میں ایس ایم ڈیز نصب کر دی گئیں۔پارلیمنٹ ہاوس کے صدر دروازے پر 1973 کے آئین کی منظوری کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی یادگار کا سنگِ بنیاد ڈی چوک پر رکھ دیا، آئین پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے 14 اگست 2023 سے قبل ڈی چوک میں یادگار دستور مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ10اپریل 1973 کو متفقہ آئین کا منظور ہونا اہم قومی سنگ میل ہے ۔اسلامی، وفاقی، پارلیمانی اور جمہوری آئین کا خاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی پہلی تقریر میں ہی دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں 14 اگست 1947 کے بعد 10 اپریل 1973 سب سے اہم دن تھا جب متفقہ آئین بنا۔ دنیا کے اکثر ممالک میں دستور کی یادگار موجود ہے۔ میاں رضا ربانی اور ان کی پوری کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے یادگار کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔امید ہے جلد اس یادگار کو مکمل کیا جائے گا۔ یادگار کے ڈیزائن کے لیے ملک گیر مقابلہ کروایا جائے گا اور آئین کے شایان شان ڈیزائن کی منظوری دی جائے گی ۔ شاہراہ دستور پر یادگار کے ساتھ ایک باغ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو تفریح بھی میسر آئے گی ۔امید ہییادگاردستور میں آئین پر دستخظ کرنے والی تاریخی شخصیات کو مناسب انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ یادگار کے تقدس کو برقرار رکھا جائے گا۔ امید ہے سی ڈی اے اس طرف خصوصی توجہ دے گا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنے محسنوں کا شکریہ ادا کریں۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں واقع یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول پیش کئے ۔بعد ازاں سپیکر نے ڈی چوک میں یادگار کے افتتاح کے طور پرباغ کا پہلا پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ملکی ترقی ، خوشحالی ، آئین کی سربلندی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے خصوصی دعا بھی کئی گئ۔ سپیکر نے پارلیمنٹ ہائوس میں 1973 کے آئین کی منظوری سے متعلقہ تاریخی تصاویر پر مبنیتصویری نمائش کا افتتاح کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں