اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش سے متعلق بیان پر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے میں ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، شیخ رشید کے وکیل کی عدالت سے استدعا کہ کیس کی سماعت تیسرے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی جائے۔ہفتے کے روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنے وکیل نعیم پنجوتھہ کے ہمراہ سول مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نعیم پنجوتھہ نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اخراج مقدمات کی درخواستیں دائر ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے مقدمات کے حوالے سے فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیامعاملہ چل رہا ہے؟ اس پر وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ شکایت کسی سرکاری افسر نے فائل نہیں کیا، شیخ رشید کے خلاف شکایت پیپلز پارٹی کے ایک عام ورکر نے دائر کی ہے۔ شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف موچکو، کراچی، اسلام آباد اور مری میں مقدمات درج ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت تیسرے ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی جائے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی جس پرعدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواستوں کی کاپیاں آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔ وقفے کے بعدشیخ رشید کے وکلا کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر اخراج مقدمے کی کاپی جمع کروادی گئی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے سماعت 3 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے۔







