مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، کورکمانڈرکانفرنس

راولپنڈی(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)پاکستان کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی خطرات کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشن جاری ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور قوم کو مشترکہ روش اپنا ہو گی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 257 ویں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورت حال خصوصا سرحدوں اور داخلی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں اندرونی اور خطے کے سیکیورٹی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے، عسکری قیادت عوام کے تعاون سے اپنی آئینی ذمے داریاں نبھانے کا عزم کرتی ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشنز کر رہی ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں