اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل)آبپارہ مارکیٹ کی ایسوسی ایشن کے صدر اجمل بلوچ، جی نائن مرکز کے صدر راجہ جاوید اقبال، ایف ایٹ مرکز کے صدر سردار طاہر محمود، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان، ایف سیون جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر، جی ایٹ مرکز کے صدر محمد عابد عباسی، آئی ایٹ مرکز کے صدر راجہ فیاض گل، جی ایٹ ون کے صدر ناصر محمود چوہدری، ترنول ایسوسی ایشن کے صدر واجد ایوب، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد شبیر، فروٹ اینڈ سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی، جی الیون کے صدر چوہدری آفتاب گجر، جی سیون مرکز کے صدر سید الطاف حسین شاہ، جی ٹین کے صدر ظفر اقبال گجر، ای الیون کے صدر ظاہر عباسی، جی سیون ون کے صدر راجہ سفیر احمد، ڈی بارہ مرکز کے صدر محمد نعمان، گلبرگ گرین کے صدر نجیب الٰہی ملک، میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال، جی ایٹ مرکز کے صدر راجہ خرم نیاز، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری خالد محمود چوہدری، مسلم لیگ ٹریڈرز ونگ اسلام آباد کے صدر جمشید اختر شیخ، پی ڈبلیو ڈی ایوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاست علی، بہارہ کہو کے صدر راجہ زاہد محمود دھنیال، جی ٹین فور کے صدر ظفر اقبال گجراور دیگر مارکیٹوں کے صدور نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے حالیہ دورہ کے موقع پر اپنے خطاب میں چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ریٹائرڈ) نورالامین مینگل کے بزنس فرینڈلی تاریخی فیصلوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان فیصلوں سے تاجر برادری میں کاروبار کی بہتری کیلئے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا جس کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے کیونکہ اس فیصلے سے تاجروں کے دیرینہ مسائل جلد حل ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کو اپ گریڈ کرنے اور ان کو جدید خطوط پر ترقی دینے کا اعلان کیا جو بہت خوش آئند ہے کیونکہ اسلام آباد پاکستان کا چہرہ ہے اور یہاں کی مارکیٹوں کو ترقی دینے سے ملک کا امیج بہتر ہو گاجبکہ کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کی طرف سے مارکیٹوں اور شہر میں سیوریج کے پرانے نظام کو نئے نظام کے ساتھ تبدیل کرنے اور پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے نجی شعبے کے تعاون سے نئے پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کے اعلانات کو سراہا جس سے تاجر برادری اور شہریوں کی مشکلات کم ہوں گی
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے چیمبر کو ایکسپو سنٹر کے قیام اور سکول و ہسپتال کی تعمیر کیلئے پلاٹ فراہم کر نے کا اعلان کیا ہے اور چیمبر کو سپورٹس گراؤنڈ کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کمرشل پلاٹوں کو طویل المدت لیز پر دینے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کرتی ہے کیونکہ اس سے ان کو لیز کی تجدید کے مسائل سے چھٹکارہ مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے خطاب میں بزنس کمیونٹی کو اہمیت دی ہے اور تمام اہم معاملات پر چیمبر کو ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے تاجروں کو نیا حوصلہ ملا ہے اور ان میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب تاجروں کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل تیزی سے حل ہوں گے جس سے کاروبار ترقی کرے گا اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مارکیٹوں کے صدور اور تاجر برادری تجاوزات سمیت دیگر مسائل حل کرنے میں چیمبر اور سی ڈی اے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی تا کہ مل جل کر کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کوچیمبر میں مدعو کرنے پر آئی سی سی آئی کے صدر احسن بختاوری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح احسن بختاوری تاجروں کی بہتری کیلئے سرگرم عمل ہیں تاجر برادری ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔
مارکیٹ صدور نے حکومت سے مزید مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بورڈ کی طرز پر چیمبر کے صدر کو ایف بی آر بورڈ میں بھی نمائندگی دی جائے تا کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی سمیت تاجروں کے ایف بی آر سے متعلقہ مسائل بہتر طور پر حل ہوں اور نجی شعبے کی مشاورت سے ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔







