پی ٹی آئی زمان پارک میں چھپے حملہ آوروں کو 24 گھنٹے میں حوالے کیا جائے، پنجاب حکومت

لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہاہے کہ پی ٹی آئی بھی غیرریاستی عنصر کا روپ دھار چکی ہے، جناح ہاؤس پر حملہ کرنیوالے زمان پارک میں چھپے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی 24 گھنٹے میں دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے کردے، آئندہ کوئی دہشت گردی کرے گا تو پولیس کی جانب سے اسلحہ کا استعمال کیا جائے گا، اب تک 3400 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرچکے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ پنجاب عامر میر نے لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف غیر ریاستی جماعت کا روپ دھار چکی، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے ویڈیو میں دھمکی دی تھی، عمران خان مسلسل فوج اور اس کی قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کررہے تھے، عمران خان نے اب اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دیدی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سالہا سال سے سیاسی رہنماء جیلیں کاٹتے رہے ہیں، عمران خان کی گرفتاری کو ایسے پیش کیا گیا کہ ان کیلئے کوئی قانون نہیں ہے، لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا گیا، حکومت نے حملہ آوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرلیا، ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

عامر میر نے دعویٰ کیا کہ جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی سے درخواست ہے 24 گھنٹوں میں دہشتگردوں کو حکومت کے حوالے کردے، 24 گھنٹے گزرنے کے بعد قانون کی عملداری حرکت میں آئے گی، تحریک انصاف کو کو ڈیڈ لائن دی جارہی ہے اس پر عملدرآمد کریں، تفتیشی اداروں کے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پُرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوں گے، ملزمان کو نشان عبرت بنایا جائے گا، نگراں وزیراعلیٰ کی ہدایات ہیں کسی بے گناہ کو سزا نہ دی جائے، گرفتار ہونے والوں کی مکمل اسکروٹنی کے بعد کیسز آگے بھیجے جا رہے ہیں، ٹھوس شواہد کی بنیاد پر لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور مزید گرفتاریاں ہورہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا کو حملوں میں ملوث افراد کی تصاویر بھیجی جاری ہیں، نادرا سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر ان لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، آخری شرپسند کی گرفتاری تک شناخت کا عمل جاری رہے گا، 9 مئی کے حملوں کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنادی گئی، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈلائن کراس کی، اب تک 3 ہزار 400 سے زائد حملہ آوروں کو گرفتار کیا جاچکا، پرتشدد واقعات پر 254 مقدمات بھی درج ہوچکے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب پولیس کو بلوائیوں کے خلاف فری ہینڈ دیدیا، سب کو معلوم ہے قانون جب حرکت میں آئے گا تو کیا ہوگا، پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈرشپ کو پیغام پہنچادیا، حملہ آسانی سے روکا جاسکتا تھا، نہیں چاہتے تھے کہ کوئی لاش گرے، پہلے فورسز کو اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی، آئندہ کوئی دہشت گردی کرے گا تو اسلحہ کا استعمال کیا جائے گا۔

عامر میر نے مزید کہا کہ پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ بھی جاری رہے گا، پنجاب کی نگراں حکومت نے پولیس کے ہاتھ باندھ رکھے تھے، اب ریاست پاکستان کی رٹ چیلنج کرنے والوں کی دوڑ لگوائیں گے، دوبارہ ایسی حرکت کی تو فواد چوہدری سے زیادہ تیز دوڑ لگانا پڑے گی، اب کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں