لاہور(قوم انٹرنیشنل)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی اپنے اور فیملی ممبرز کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست میں فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار سلمان شاہ کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور خواجہ طارق رحیم پیش ہوئے۔عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کی بیٹی خدیجہ نے اپنی گرفتاری دے دی ہے، ان کے خلاف درج ایف آئی آر کی تفصیلات مہیا کی جائیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب انہوں نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے تو ایف آئی آرز کا ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا روکاوٹ ہے، تفصیلات مہیا کی جائیں تا کہ وہ اپنے لیے قانونی چارہ جوئی کر سکیں۔
دائر درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سلمان شاہ ملک کے نامور ماہر اقتصادیات اور سابق وزیر خزانہ اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کے داماد ہیں، درخواست گزار اور 5 بچوں کو بے جا سیاسی مقدمات میں الجھایا جارہا ہے، درخواست گزار اور فیملی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، عدالت درخواست گزار اور فیملی ممبرز کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے اور درج نامعلوم مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔







