جی ایچ کیو میں یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب، آرمی چیف کی یادگار شہدا پر حاضری

راولپنڈی (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر تھے۔

تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران ،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل ہیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کے بچوں سے بھی ملاقات کی، جنرل عاصم منیر نے سکولز اور شہداء کے بچوں کے سر پر دست شفقت بھی رکھا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج شہداء کے بچوں کی وارث ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔یوم تکریم شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں