لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی ہے۔ محسن نقوی اور شاہ زین بگٹی نے شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا۔ کوئی بھی شرپسند قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ جس میں منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی مانیٹرنگ اور منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال روکنے کیلئے مزید موثراقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منشیات کے کالے کاروبار اور استعمال کی روک تھام کیلئے سخت چیک اینڈ بیلنس اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر اور آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ پنجاب حکومت منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہسپتال کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، اینٹی نارکوٹکس فورس کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔







