لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ کوئی الگ گروپ نہیں بنے گا،سب مل کر اکٹھے چلیں گے،نئی پارٹی کے حوالے سے کام جاری ہے،اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی جس میں نئی سیاسی جماعت کے قیام سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردارتنویر الیاس نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں چوہدری شجاعت اور سراج الحق سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی۔جہانگیر ترین سے ملاقات میں مل کر چلنے پر اتفاق ہوا،ہم اور جہانگیر ترین مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پارٹی کے حوالے سے کام جاری ہے،آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال تشویشناک ہے،ملکی مفاد میں جو چیزیں ہوئیں انہیں آگے لیکر چلیں گےجبکہ ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے عمران خان کی سیاست کو خیر باد کہہ دیا۔وہ لوگ اس سیاست کو چھوڑ رہے ہیں جو ملکی مفاد میں نہیں،پی ٹی آئی کو چھوڑ کر آنے والے کا خیر مقدم کریں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف پنجاب،خیبرپختونخوا اور اسلام آباد راولپنڈی کے اہم ارکان دوسری جماعتوں میں جانے کے لیے تیار ہیں۔ خیبرپختونخوا کے سابق ارکان صوبائی و قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا حتمی فیصلے کر لیا۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت نے زوم میٹنگ میں شمولیت سے بھی معذرت کر لی۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کا ایک دھڑا جہانگیر ترین سے مکمل رابطے میں ہے،ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اگلے ہفتے جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران ان رہنماؤں کی جانب سے شمولیت کا اعلان متوقع ہے۔







