اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)نئے مالی سال 24-2023ء کے بجٹ میں وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت بھی 80 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، یہ رقم مختلف شمسی توانائی، چھوٹے قرضے اور لیپ ٹاپ اسکیم پر خرچ کی جائے گی۔نئے مالی سال 24-2023ء کا بجٹ 9 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار رواں سال بجٹ پیش کریں گے۔رپورٹ کے مطابق نئے بجٹ میں وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کیلئے 80 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، جس میں شمسی توانائی کے قومی پروگرام کیلئے 30 ارب، نوجوانوں کو چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے 10 ارب روپے اور وزیراعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے 10 ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے 5 ارب روپے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم پروگرام کیلئے 5 ارب روپے، سبز انقلاب پروگرام کیلئے 5 ارب روپے اور پروگرام برائے کھیل کیلئے بھی 5 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت تعلیم پر وزیراعظم انڈومنٹ فنڈ کے قیام کیلئے 5 ارب روپے اور آئی ٹی سیٹ اپ کے پروگرام کیلئے 5 ارب کے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی بھی تجویز ہے۔







