اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے خیبر پختونخوا کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا، ہم خیبر پختونخوا کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگی قیادت نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی ، مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام، سینیٹر پیر صابر شاہ شریک ہوئے۔
ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر، سجاد احمد، سابق ارکان قومی اسمبلی شہاب الدین خان، جمشید محمد، اورنگزیب نلوٹھہ نے شرکت کی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا کے آئندہ انتخابات پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔شرکا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بجٹ میں خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے اقدامات کی شمولیت پرخراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ 2023-24 میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات شامل کئے ہیں، یقینی بنائیں گے کہ وفاقی حکومت کے صحت و تعلیم کے منصوبوں سے خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور مستفید ہوں، خیبر پختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کسانوں کو معیاری بیج، بروقت کھاد کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے، سرحدی اضلاع میں تجارت میں سہولت فراہم کر کے لوگوں کی معاشی مشکلات دور کریں گے۔
قبل ازیں منگل کووزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ 24 ۔ 2023 نوجوان کی ترقی کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے،مایوسیوں کو مٹانا،ملک و قوم کی تعمیروترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہو گی ،آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے،نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں،نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے،آئی ٹی، زراعت، صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے معمار بنانا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں،نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے،2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اور کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ 24 ۔ 2023 کے ذریعے زرعی شعبے کے لئے مراعات جاری رکھیں گے۔اِن اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنارہے ہیں۔کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضہ جات سے کسان ،نوجوان اور پاکستان خوش حال ہوں گے۔







