ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیر اعظم

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں،ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حکومت بلوچستان میں سی پیک کےترقیاتی منصوبوں پرترجیحی بنیادوں پرکام کررہی ہے،حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی، ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کرکے معیار کو یقینی بنائیں،ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔اجلاس کو سی ڈی اے کے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔قبل ازیں جمعہ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جعفر خان مندوخیل کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں جمال شاہ کاکڑ، سردار یعقوب ناصر، آغا شاہ زیب درانی، عامر افضل مندوخیل، چوہدری نعیم، نصیر اچکزئی اور ظہیر خان کاکڑ شامل تھے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے لیے خصوصی منصوبے شامل کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،حکومت بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،بلوچستان کا اصل اثاثہ باصلاحیت بلوچ نوجوان ہیں،حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں