شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیر اعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے ایک بار پھر بلا مقابلہ صدر جبکہ مریم نواز شریف بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہو گئیں۔

مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، اسحاق ڈار سیکرٹری فنانس، عطااللہ تارڑ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری منتخب ہو گئے، اوورسیز اور بین الاقوامی امور کے لیے اسحاق ڈار بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت شروع ہوا، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز، حمزہ شہباز، احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ، صدر سندھ شاہ محمد شاہ، صدر خیبرپختونخوا امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بھی اجلاس میں شرکت کی، ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی بیرون ملک ہونے کے باعث جنرل کونسل اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے جنرل کونسل اجلاس میں قرار داد پیش کی، قرارد اد میں نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا، قرار داد میں شہباز شریف خراج تحسین پیش کیا گیا، قرار داد میں مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

قرار داد میں 9 مئی واقعات کی مذمت کی گئی، قرار داد میں شہدا پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا، اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کا مضبوط تنظیمی ڈھانچا موجود ہے، مسلم لیگ ن کو مضبوط بنائیں گے۔

دریں اثنا میاں نواز شریف مسلم لیگ ن کے بطور تاحیات قائد کی ایک بار پھر توثیق کر دی گئی، صوبائی صدور اور سیکرٹری جنرلز کا اعلان پارٹی صدر کریں گے۔

میاں محمد شہباز شریف کو جنرل کونسل نے پارٹی کے فیصلوں کا مینڈیٹ دے دیا، پارٹی کے دیگر عہدیداروں کا فیصلہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے لئے کسی عہدہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل کونسل کا اجلاس متعدد بار اس لیے موخر کرایا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں تو میں امانت ان کے حوالے کروں، مجھے یہ جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ نوازشریف کی امانت ہے، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی اس لیے آج اجلاس منعقد کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز باہمت خاتون ہے، دن رات محنت کر رہی ہے اور مشکل حالات کا مقابلہ کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا، نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کئے، ملک میں موٹرویز بنائیں، اتحادی حکومت کو ہم سب مل کر چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں اب نوجوان لیڈر شپ کی ضرورت ہے، اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں،بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا گیا، سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا گیا، پاکستانی قوم نے بڑی بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے، ملک جلد ترقی کے راستے پر گامزن ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا، نواز شریف پاکستان کا معمار ہے، وہ چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، نواز شریف کی قیادرت میں ملک ترقی کرے گا، پاکستان کے عوام نے گھبرانا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کا پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک شخص نے عوام کے ذہن میں ہمارے لیے زہر گھول دیا، نواز شریف نے کشمیر کے بارے میں جامع پالیسی بنائی تھی، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ سکتا ہے لیکن کشمیر پر سودا نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں