اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)پاکستان دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےیونان کے ساحل کےقریب سمندر میں کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعہ پر جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور دیگر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش، نعشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کےلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی،سانحہ میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ہمارے دل تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،پاکستان تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،
پاکستان اور قزاخستان کے درمیان سیاسی مشاورت کا دوسرا دور 26 جون کو آستانہ میں ہوگا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اس سانحہ میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ہمارے دل تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہم نے میڈیا کو اس حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا ہے، 104 زندہ بچ جانے والوں میں 12پاکستانی شہری بھی شامل ہیں اور وہ اچھی حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم جاں بحق اور لاپتہ ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر رہے ہیں، یونانی حکام نے 84 نعشیں برآمد کی ہیں، ان کی شناخت ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ متعلقہ حکام نے جہاز میں موجود مشتبہ افراد کے اہل خانہ سے ڈی این اے کے نمونے جمع کرنا شروع کردیئے ہیں اور وہ یونانی حکام کے ساتھ اس کا اشتراک کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن میں سفیر عمار آفتاب اور ان کی ٹیم نے لاپتہ یا ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تلاش اور ان کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے یونانی ہم منصب سے بات کی ہے جس میں لاپتہ افراد کی تلاش، نعشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےکہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کے شروع میں بین الاقوامی برادری نے پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا، یہ دن کشمیریوں کے مصائب کی یاددہانی کرتا ہے جنہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے
۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو تشدد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھاگنے پر مجبور کیا گیا، جموں و کشمیر کے ہزاروں لوگ بے گھر زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے وطن واپس جانے سے قاصر ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف اور ظلم و ستم کے ماحول کو ختم کرنا چاہیے اور کشمیری عوام کی زندگیوں میں امن لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور 26 جون 2023 کو آستانہ، قزاخستان میں ہوگا
۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افغانستان اور مغربی ایشیا) سید احسن رضا شاہ کریں گے جبکہ قزاخستان کی طرف سے نائب وزیر برائے خارجہ امور کنات تمیسٹ کی قیادت کریں گے۔فریقین بات چیت میں سیاسی، تجارتی، اقتصادی، رابطے، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے۔پاکستان اور قزاخستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس 28 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔







