اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ عمران خان سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہیں، ہم شفاف ٹرائل چاہتے ہیں،نو مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں بیٹھ کر کی گئی
۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی سانحے کے ماسٹر مائنڈ ہیں، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، ہم شفاف ٹرائل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جوکچھ ہوااس کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی نے کی اور انہوں نے ہی زمان پارک میں بیٹھ کر اس منصوبے کو عملی شکل دی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے روز شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو مجروح کیاگیا،
ملٹری کورٹس میں فوجی تنصیبات پرحملے کا ٹرائل ہورہا ہے، 9 مئی واقعات میں ملوث افرادکوایسی سزا ہوکہ آئندہ ایسا واقعہ کبھی نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بعد میں اس چیزکو انسانی حقوق کا پراپیگنڈابناکرپیش کیا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کے پراپیگنڈا کو دنیا اور عالمی میڈیا نےمستردکردیا۔خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیا جس کے بعد سیکڑوں شر پسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔







