لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت نےایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُجھ بیراج سے چھوڑا۔
تقریباً 65,000 کیوسک پانی اگلے 20 سے 24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔ جسر کے مقام پر دریائے راوی کی سیلابی حدود کے مطابق، میدانی علاقوں میں کم سیلاب متوقع ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دریائے راوی سے منسلک اضلاع ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ رہیں۔ ریسکیو، ریلیف آپریشن ٹیمیں مشینری کے ساتھ تیار رہیں، نشیبی علاقوں میں ریلیف کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے
۔واضح رہے کہ بھارت ہر سال پاکستانی دریاؤں میں بغیر اطلاع کے پانی چھوڑ دیتا ہے جس سے مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔گزشتہ سال بھارت نے ایک لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا۔ چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60,000 کیوسک جسر تک پہنچا تھا۔ جس کی وجہ سے سیلاب کی نچلی سطح (دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ) پر بنی تھی۔







